ناگپور،21/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر میں میونسپل بورڈ کے انتخابات میں اس بار بی جے پی کو عوام کی طرف سے زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔منگل کو یہاں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، ووٹنگ سے پہلے پیر کی شام کو ناگپور میں اچانک اس وقت حالات بے قابو ہو گئے جب بھیڑ نے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کا گھیراؤ کر کے ان کی مخالفت کی، عوام نے نتن گڈکری کی کار کو شہر کے تندپیٹھ علاقے میں گھیرلیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گڈکری بی جے پی کی ناگپور اکائی کے صدر وکاس کمبھرے کے ساتھ پارٹی کے ایک کارکن سے اس کی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے جا رہے تھے،جب گڈکری اپنی گاڑی کے اندر تھے، تبھی بھیڑ میں سے کچھ لوگوں نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی، لوگوں نے دعوی کیا کہ وہ علاقے کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں، بھیڑ کی مخالفت کی وجہ سے گڈکری بڑی مشکل سے وہاں سے نکل پائے۔ادھرپارٹی نے الزام لگایا ہے کہ نعرہ لگانے والے لوگ کانگریسی تھے اور یہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔